گلیات(صباح نیوز)گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی(جی ڈی اے ) کے ترجمان احسن حمید نے نتھیاگلی میں ہوٹل کا ٹھیکہ وزیراعظم کے ساتھی کو دینے کی تردید کردی۔
ترجمان جی ڈی اے احسن حمید نے فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کی خبر پر ردعمل میں کہا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی قانون کے تحت ایک خود مختار ادارہ ہے، جی ڈی اے کے بورڈ کے سربراہ ایک پرائیویٹ ممبر ہیں، پرائیویٹ و سرکاری ممبران کے علاوہ دو ایم پی ایز بھی بورڈ کا حصہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شفافیت خود احتسابی کو یقینی بنانے کیلئے اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی بھی بورڈ میں شامل ہیں، صوبائی حکومت کا نتھیاگلی میں فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر سے متعلق امور میں کوئی واسطہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا پر نشر ہونے والی خبریں من گھڑت، بے بنیاد اور حقائق کے خلاف ہیں، 2019 میں فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر سے متعلق قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں اشتہار دیا، 2021 میں سب سے زیادہ بولی دہندہ فرم بیرن کو پروجیکٹ ایوارڈ کیا گیا، جی ڈی اے آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، کوئی حکومتی دبا ونہیں تھا، قوائد میرٹ اور قانون کے مطابق پراجیکٹ ایوارڈ کیا گیا۔
ترجمان جی ڈی اے نے کہا کہ ہوٹل کے قیام اور کانٹریکٹ ایوارڈ کرنے سے متعلقہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے، وزیراعلی اور دیگر حکومتی شخصیات کا پروجیکٹ پر اثرقطعی غلط اور بے بنیاد ہے، کامیاب فرم اور جی ڈی اے کے درمیان پروجیکٹ کا ایگریمنٹ 09 جون 2021 کو سائن ہوا۔
احسن حمید نے مزید کہا کہ 05 ستمبر کو وزیراعظم پاکستان نے اس منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا، بیرن ہوٹل کے مالک اور وزیر اعلی کے پی کے درمیان تعارفی ملاقات 16 ستمبر 2021 کو ہوئی، ممتاز مسلم نے حکومت کی سیاحت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کی جانب سے خبر نشر کی گئی تھی کہ نتھیاگلی میں لاکھوں ڈالر مالیت کے لگژری ہوٹل کی تعمیر کا ٹھیکہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھی اور پی ٹی آئی کے دیرینہ رکن کو مل گیا ہے۔