ایشین گیمز میں تیز ترین ففٹی،سنچری اور 314 کا ٹوٹل، نیپال نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کئی ریکارڈز توڑ ڈالے


 ہینگزو(صباح نیوز)ایشین گیمز میں کرکٹ کے ایونٹ میں نیپال نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی اور ایک ہی میچ میں متعدد ریکارڈز بنا ڈالے۔

نیپال نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا اور منگولیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں پر 314 رنز بنائے۔اس کے علاوہ نیپالی ٹیم کے کوشال مالا نے 34 گیندوں پر ناقابلِ شکست 137 رنز  بنائے جبکہ دیپندرہ سنگھ نے 9 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز بنائے، کپتان روہت پاڈل نے بھی 27 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے۔اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں افغانستان کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ تھا۔

افغانستان نے فروری 2019 میں آئر لینڈ کے خلاف میچ میں 3 وکٹوں پر 278 رنز بنائے تھے۔نیپال کے دیپندرہ سنگھ نے بھارت کے یووراج سنگھ کا تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ توڑا، یووراج سنگھ نے 2007 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈکے خلاف 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی لیکن دیپندرہ سنگھ نے صرف 9 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔