سیالکوٹ(صباح نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی اے)نے سیالکوٹ سے دبئی کیلئے پروازوں کا آغاز کر دیا، پہلی پرواز پی کے 179 کے ذریعے 165 مسافر روانہ ہوئے۔
سیالکوٹ ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے، وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی عثمان ڈار، صوبائی وزیر چوہدری اخلاق اور پی آئی اے جنرل منیجر پسنجر سیلز محمد شفیق نے ایئر پورٹ سے مسافروں کو رخصت کیا۔
سیالکوٹ سے دبئی کی پروازوں کے آغاز سے سیالکوٹ اور گردو نواح کے علاقہ جات کے مسافروں کو براہ راست سفری سہولت میسر آ گئی ۔
پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے بتایا کہ قومی ایئر لائن ملک کے مختلف شہروں سے ہفتہ وار 31 پروازیں دبئی کے لئے چلا رہی ہے۔
سی ای او ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے پاکستانی شہریوں کو آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بڑے شہروں کو مسافروں کی ضروریات کے مطابق دنیا سے منسلک کیا جارہا ہے۔