لاہور (صباح نیوز)پاکستا ن مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ملزم ساجد عرف گرما نے اسلحہ بیچنے والے سے پستول خریدا جبکہ ملزم ساجد غیر قانونی طور پر انڈرکوراسلحہ کا کاروباربھی کرتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملزم انڈرگرائونڈ ہو چکا ہے۔ ریکارڈیافتہ ملزم محسن بھی واقعہ میں ملوث ہے۔ واقعہ میں استعمال ہونے والا پستول امریکہ سے درآمد کیا گیا تھا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے ملنے والے پستول کے حوالے سے جب پستول بنانے والی کمپنی سے رابطہ کیا تو پستول لاہور امپورٹ ہونے کی تصدیق ہو گئی۔ پولیس نے جب آخری اسلحہ ڈیلر کو اٹھایا تواس نے بتایا کہ ساجد عرف گرما جو کتوں کا کام کرتا ہے لیکن وہ غیر قانونی اسلحہ کی ڈیلنگ میں بھی ملوث ہے ۔
پولیس نے جب ملزم کو بلایا تو اس نے کہا کہ وہ ایک گھنٹے میں آرہا ہے تاہم اس کے بعد وہ غائب ہو گیا۔ملزم محسن کو ساجد نے ٹارگٹ کلرز کو دینے کے لئے پستول دیا تھا۔ دونوں ملزم انڈرگرائونڈ ہو چکے ہیں تاہم پولیس دونوں کی گرفتاری کے لئے کوششیں کررہی ہے۔ ملزم طورخم بارڈر کے زریعہ بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں اور ایف آئی آئے کو بھی اس حوالہ سے اطلاع کردی گئی ہے کہ ملزمان زمینی راستہ سے بیرون ملک فرار نہ ہوسکیں جبکہ ایئرپورٹس کے ذریعے ملزمان کو بیرون ملک فرارہونے سے روکنے کے لئے بھی پولیس نے اپنے بندے تعینات کردیئے ۔