پشاور(صباح نیوز)نگرا ن خیبرپختونخوا حکومت نے فاٹا ٹربیونل کو دوبارہ بحال کردیا ہے اور پشاور ہائیکورٹ نے شکیل آفریدی سمیت کئی کیسز ٹربیونل کو واپس بھیج دئیے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے فاٹا ٹربیونل کو دوبارہ بحال کردیا ہے، اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ نے اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے۔محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق ذاکرحسین آفریدی کو فاٹا ٹربیونل کا چیئرمین مقرر کیا گیا جبکہ خلیل اللہ خلیل اور کفایت اللہ ٹربیونل کے ممبران میں شامل ہوں گے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ فاٹا ٹریبونل کو پشاورہائیکورٹ کے حکم پر بحال کیا گیا اور ٹربیونل نے بحال ہونے کے بعد کام بھی شروع کردیا۔
محکمہ داخلہ نے اعلامیے میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے فاٹا ٹریبونل کو 11 مقدمات واپس بھیج دئیے اور ان مقدمات میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کیس بھی شامل ہے۔
محکمہ داخلہ نے بتایا کہ ایف سی آر کے خاتمہ پر 2019 میں فاٹا ٹربیونل ختم ہوگیا تھا، اور فاٹا ٹربیونل کے خاتمے پر تمام کیسز دیگر عدالتوں کو منتقل کئے تھے۔