نوازشریف اپنی مرضی سے آئیں گے، وطن واپسی پرقانونی ریلیف بھی ملے گا، راناثناء اللہ


فیصل آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ پنجاب کے صدراورسابق صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاں نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اپنے کردارکی وجہ سے ختم ہوچکی ہے اس کی کوئی سیاسی حیثیت بھی نہیں رہی۔ جس حکومت کاریکارڈدرست نہ ہو اس کے لئے صحت کارڈسمیت کوئی کارڈبھی کارآمدنہیں ہوسکتا۔15حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں13سے اورخیبرپختوانخواکے بلدیاتی انتخابات میں بری طرح شکست کے بعد عمران خان میں سیاسی جرات ہوتی تواقتدارچھوڑکے عام انتخابات کااعلان کرتے ،لگتاہے وہ غیرت مندکی بجائے ضرورت مندہیںمگراب عوام اُن کے ضرورت مندنہیں۔دواڑھائی ماہ میں بہت کچھ واضح ہوجائے گا۔

میاں نوازشریف اپنی مرضی کے مطابق آنے والے ہیں حکمران ٹولہ اُن کابال بیکابھی نہیں کرسکیں گے اُنہیں لندن بیٹھے بھی عوام سے سیاسی ریلیف مل رہاہے وطن واپسی پرقانونی ریلیف بھی ملے گا۔”صباح نیوز”سے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال سے عوام کے ساتھ ظلم ہورہاہے مہنگائی سے غریب عوام زندہ درگورہوچکے ہیں جبکہ حکومتی ترجمان میڈیاپرجھوٹ بول کراُنہیں مطمئن کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔2021 عوام کے لئے حکومت کی طرف سے تکلیف میں گزراسال کے آخری دن منی بجٹ اوررات کی تاریکی میں نئے سال کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی وش کی گئی ۔اُنہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کی طرف سے مہنگائی کا سونامی آرہاہے۔ساڑھے تین سال میں جس طرح حکومت کاکرداررہاعام انتخابات میں اُسے ٹکٹ کے لئے 100نام بھی نہیں ملیں گے۔

آصف زرداری پنجاب میں سرگرم بھی رہیں تواُنہیں کیاملے گا؟۔ مسلم لیگ ن میاں نوازشریف کی قیادت میں پنجاب سے بھاری لیڈحاصل کرے گی  پیپلزپارٹی شائدسندھ تک بھی محدودنہ رہے۔