اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف علاج مکمل ہونے اور ڈاکٹر کی اجازت سے ہی واپس آئیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف پنجاب حکومت کی سفارش پراور عدلیہ کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بیرون ملک اپنا علاج مکمل ہونے اور ڈاکٹرز کی طرف سے سفر کی اجازت ملنے پر ہی واپس آئیں گے۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ صدر مسلم لیگ (ن)اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف عمران خان کا لگایا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ا نہوں نے کہاکہ نواز شریف، شہباز شریف کے خلاف روز بیان دینا حکمرانوں کے بوکھلانے کا ثبوت ہے۔مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ بیان حلفی پر کارروائی کا کہنا نیب نیازی گٹھ جوڑ اور ایف آئی اے کی ناکامیوں کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیں۔ن لیگی ترجمان نے کہا کہ کرپشن، منی لانڈرنگ، عوام پر مہنگائی کا ظلم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیں۔