نواز شریف واپس آئیں، پاکستان ان کا وطن ہے ، مولانا فضل الرحمان


پشاور(صباح نیوز) اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف واپس آئیں پاکستان ان کا وطن ہے ، موجودہ حکومت ناجائز اور نااہل ہے ، عوام مسائل کے گرداب میں دھنس گئے ، مہنگائی سے جینا دوبھر ہوگیا ہے،اس صورتحال سے ملک کو نکالنا قومی فریضہ ہے ، 23مارچ کو شروع ہونے والا مارچ حکمرانوں کی رخصتی کا آغاز ہوگا، پہلے دھرنے اور اب میں فرق ہے ، پی پی پی اور اے این پی کو کبھی بھی اپنا مخالف نہیں سمجھا ، حکمران خوش نہ ہوں ،ہمارا مطالبہ عام انتخابات کے انعقاد کا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے والے منی بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ منی بجٹ پر قومی اسمبلی میں کوئی بحث نہیں ہوئی، منی بجٹ کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں جانا چاہیے تھا،ایک نیا بل تیار کیا جارہا ہے جس میں اسٹیٹ بنک آئی ایم ایف کے کنٹرول میں چلا جائے گا،حکومت اب بھی جو قرضے لے رہی ہے وہ کمرشل بنکوں سے لے رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ کو اسلام اباد کی طرف مارچ کریں گے ، اس حوالے سے پنجاب میں شہباز شریف اور کے پی میری ذمہ داری لگائی گئی، مہنگائی مارچ کی تیاریاں جاری ہیں ، ناجائز اور نااہل حکومت نے ملکی معیشت تباہ کر دی ہے ، مہنگائی کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کررہے ہیں، عوام اب موجودہ حکومت کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں،اس صورتحال سے ملک کو نکالنا قومی فریضہ ہے ، بلدیاتی الیکشن میں حکمران جماعت کو شکست بھی اپوزیشن کی فتح ہے ، ثابت ہو گیا کہ عوام کو حکومت پر اعتماد نہیں ہے ، اگلا مرحلہ حکمران جماعت کے لیے اس سے بھی برا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پہلے دھرنے اور اب میں فرق ہے ، پی پی پی اور اے این پی کو کبھی بھی اپنا مخالف نہیں سمجھا ، حکمران خوش نا رہیں کہ اپوزیشن آپس میں لڑ رہے ہیں ہم دیگر پارٹیوں کو بھی اپوزیشن کا حصہ سمجھتے ہیں ، ہم ملک میں رہتے ہوئے خود مختار ہیں ، نواز شریف واپس آئیں پاکستان ان کا وطن ہے ، افغانستان میں امن کی ضرورت ہے اس کے لیے ہمیں بھی کوشش کرنی ہوگی۔