لاہور(صباح نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے دور حکومت میں وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات کے اعدادوشمار بتادیئے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹوئٹر پر کہا کہ وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات میں نمایاں کمی کی مثال قائم کی گئی اور اس کا موازنہ اعداد و شمار کے ساتھ پیش کی جارہا ہے۔ایک اور ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے دور میں مالی سال 2017-18 میں وزیراعلیٰ آفس کے مجموعی اخراجات 23 کروڑ 90 لاکھ روپے تھے جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں مالی سال 2020-21میں وزیراعلیٰ آفس کے مجموعی اخراجات 14 کروڑ 30 لاکھ روپے رہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ شہباز شریف دور حکومت میں مالی سال 2017-18 میں گاڑیوں کی مرمت پر 4 کروڑ 20 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں مالی سال 2020-21میں گاڑیوں کی مرمت کی مد میں ایک کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہوئیشہباز شریف کے دور حکومت میں مالی سال 2017-18 میں انٹرٹینمنٹ اور تحائف کی مد میں 9 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور حکومت میں مالی سال 2020-21 میں 4 کروڑ 40 لاکھ روپے انٹرٹینمنٹ اور تحائف کی مد میں خرچ ہوئے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ شہبازشریف کے دور حکومت میں مالی سال 2017-18 میں گاڑیوں کے ایندھن کی مد میں 3 لاکھ 72 ہزار لٹر پیٹرول/ڈیزل/موبل آئل استعمال کیا گیا جبکہ وزیراعلی عثمان بزدار کے دور حکومت میں مالی سال 2020-21میں گاڑیوں کے ایندھن کی مد میں 2 لاکھ 28 ہزار لیٹر پیٹرول/ڈیزل/موبل آئل استعمال ہوا۔ایک اور ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ شہباز شریف کے دور حکومت میں مالی سال 2017-18میں گاڑیوں کے ایندھن کی مد میں 3 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کئے گئے جبکہ وزیراعلی عثمان بزدار کے دور حکومت میں مالی سال 2020-21 میں گاڑیوں کے ایندھن کی مد میں 2 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔