گھر میں 4 افرادنے گھس کرڈرایا دھمکایا اور ہراساں کیا،سرینا عیسی کا وزارت دفاع، داخلہ کو خط


اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائزعیسی کی اہلیہ سریناعیسی نے وزارت دفاع، داخلہ اور سندھ حکومت کو خط لکھا ہے کہ 4 افرادنے گھر میں گھس کر ذاتی معلومات طلب کرکے ڈرایا دھمکایا اور ہراساں کیا۔

خط کے متن کے مطابق 29 دسمبرکوکراچی ڈیفنس میں مکان میں رنگ وروغن کی نگرانی کررہی تھیں کہ2 افراد گھر میں داخل ہوئے اور کہا کہ وہ انٹیلی جنس سے ہیں۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اہلکاروں نے 4 صفحات دئیے اور ذاتی معلومات طلب کیں لیکن دستاویزات پر کسی ادارے کا نام درج نہیں تھا۔

خط کے متن کے مطابق میں اور میری بیٹی انتہائی پریشان ہوئے کہ دوافرادگھرمیں گھس آئے اوربازپرس کی اور ہراساں کرنے کے بعد دونوں افرادیہ کہہ کرچلے گئے کہ دو دن بعد فارم لینے آئیں گے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کچھ دیربعد مزید2افراد آئے اور اپنا تعارف وزارت داخلہ کے اہلکاروں کے طورپرکرایا،

ان دونوں نے بھی اہل خانہ کے بارے میں سوالات کرنے شروع کردئیے اور انہوں نے کہا کہ دوبارہ آئیں گے، بہتر ہے معلومات فراہم کردیں یا نتائج بھگتنے کو تیار ہوجائیں۔خط میں سرینا عیسی نے تین صفحات پر مبنی خط میں وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔