ٹانک اور میر علی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 جوان شہید،2دہشت گرد ہلاک


ٹانک(صباح نیوز) ٹانک اورمیرعلی میں سکیورٹی فورسز کے کارروائیو ں کے دوران 4فوجی جوان شہید اور 2دہشتگرد ہلاک ،ایک کو گرفتار کرلیا گیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  (آئی ایس پی آر)کے مطابق ٹانک سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مقابلے میں عصمت اللہ شاہین گروپ کے دو دہشت گرد دانیال اور شاہ زیب عرف ذاکر ہلاک اور پاک فوج کے 4 جوان بھی شہید ہوگئے۔ ٹانک کے علاقے کوٹ کٹ میں سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے ہائی ویلیو ٹارگٹڈ  مشترکہ آپریشن جاری تھا کہ دہشت گردوں سے مقابلہ ہوگیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مقابلے کے دوران عصمت اللہ شاہین گروپ کے دو دہشت گرد دانیال اور شاہین عرف ذاکر ہلاک ہوگئے ہیں، دونوں دہشت گرد سکیورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان میں ملوث رہے ہیں، دہشت گردوں کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، کلاشنکوف اور ایمونیشن برآمد ہوئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور آپریشن میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر میر علی میں بھی کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کر لیا گیا، جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حوالدار منور عمر 40 سال سکنہ بہاولنگر، سپاہی ذکا اللہ عمر 31 سال سکنہ لکی مروت، سپاہی فرحان عمر 34 سال سکنہ کوہاٹ اور سپاہی شیراز عمر 30 سال سکنہ ایبٹ آباد شامل ہیں۔