کوئٹہ(صباح نیوز)سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم مکمل طور پر بھرنے میں صرف ڈیڑھ فٹ کی سطح باقی رہ گئی۔
واپڈاحکام کے مطابق گزشتہ دو روز میں حب ڈیم میں پانی کی سطح 8 فٹ بلند ہوئی ہے۔ 22 جولائی کو حب ڈیم میں پانی کی سطح 329 فٹ سے زائد تھی۔ سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں کے بعد 23 جولائی کی شام حب ڈیم میں سطح آب 330.9 فٹ تک پہنچ گئی تھی۔
حب ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 339 فٹ ہے۔ پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،منگل کی صبح 10 بجے حب ڈیم میں پانی کا لیول 337.50 فٹ کا نشان عبور کر گیا۔ اور ممکنہ طور پر اگر مزید ڈیڑھ فٹ تک پانی آگیا تو گزشتہ سال کی طرح امسال بھی حب ڈیم پانی سے مکمل طور پر بھر جائے گا۔