حب ڈیم میں پانی کی سطح 5 فٹ بلند ہو گئی

کوئٹہ (صباح نیوز)بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح 5 فٹ بلند ہو گئی ۔واپڈا کے مطابق بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں کے بعد حب ڈیم میں گزشتہ روز سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔22 جولائی تک حب ڈیم میں پانی کی سطح 329 فٹ سے زائد تھی۔ 23 جولائی کی شام حب ڈیم میں سطحِ آب 330.9 فٹ تک پہنچ گئی تھی، گزشتہ رات حب ڈیم میں 4 فٹ سے زائد پانی پہنچا۔حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں 5 فٹ سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 339 فٹ ہے۔واپڈا کے مطابق پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اگر مزید 5فٹ تک پانی آ گیا تو حب ڈیم اس سال بھی مکمل طور پر بھر جائے گا۔گزشتہ سال کی بارشوں کے دوران بھی حب ڈیم مکمل بھر گیا تھا۔