اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد وشمار جاری کر دیئے۔وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت میں 26 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ انڈے 11 روپے فی درجن سے زائد مہنگے ہوئے۔رپورٹ کے مطابق 200 گرام سرخ پسی ہوئی مرچ 43 روپے 36 پیسے مہنگی ہوئی،ایل پی جی کا گھریلوسلنڈرتقریبا 10 روپے، گڑ 4 روپے، تازہ دودھ 35 پیسے مہنگا ہوا۔رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 12 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
علاو ہ ازیں کراچی میں دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریبوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔کراچی میں آٹے اور چینی کے بعد دالوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، مسور کی دال 250 روپے کلو تو ماش کی دال 480 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔ ارہر کی دال 500 کا ہندسہ عبور کرکے 550 روپے کلو تک جا پہنچی۔کراچی کے شہری بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں، کہتے ہیں اب تو دالیں خریدنے کی قوت بھی ختم ہونے لگی ہے۔تاجر رہنما کہتے ہیں قیمتوں کو چیک کرنے کا کوئی سسٹم نہیں، جس کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔حالیہ دنوں میں دالوں کی قیمتوں میں اضافے سے دیہاڑی دار اور تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔