عوام کو سستی ادویات ملنا ضروری ہے، سید نوید قمر

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ عوام کو سستی ادویات ملنا ضروری ہے، اس صنعت کے مسائل سنیں گے اور ان کو حل کریں گے، مل کر کام کرنے سے پاکستان خود کو عالمی فارماسیوٹیکل مارکیٹ میں ایک سرکردہ کھلاڑی کے طور پر کھڑا کر سکتا ہے، اس شعبے میں خود انحصاری کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف صنعت کی ترقی میں مدد ملے گی بلکہ برآمدات پر مبنی ترقی کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 6ویں پاکستان فارما سمٹ اور فارما ایکسپورٹ سمٹ اینڈ ایوارڈز 2023 کی افتتاحی تقریب سے کلیدی خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقصد 2025 تک دواسازی کی برآمدات کو ایک ارب ڈالر جبکہ 2030 تک پانچ ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان کی دواسازی کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کے حکومتی منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔وفاقی وزیر نے پی پی ایم اے کے چیئرمین سید فاروق بخاری اور ڈاکٹر شیخ محمد کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے 1.4 ٹریلین ڈالر کی عالمی فارماسیوٹیکل مارکیٹ میں ترقی کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اہم شعبوں کی نشاندہی کی جن پر دواسازی کی برآمدات کو بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جبکہ درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لئے ایکٹو فارماسیوٹیکل اجزا (APIs) کی مقامی تیاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ادویات کا ملنا اور ارزاں ملنا ضروری ہے،

اس صنعت کے مسائل سنیں گے اور ان کو حل کریں گے، اس شعبے میں خود انحصاری کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف صنعت کی ترقی میں مدد ملے گی بلکہ برآمدات پر مبنی ترقی کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیرف کو معقول بنانے اور ایک سازگار ریگولیٹری ماحول بنانے پر بھی سرگرم عمل ہے۔انہوں نے دو طرفہ شراکت داری کو فروغ دینے اور برآمدات پر مبنی تنظیموں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، صنعتکاروں اور ریگولیٹری اداروں کی جانب سے ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہوگی، مل کر کام کرنے سے پاکستان خود کو عالمی فارماسیوٹیکل مارکیٹ میں ایک سرکردہ کھلاڑی کے طور پر کھڑا کر سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے تمام سٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ترقی کے مواقع تلاش کریں، تحقیق اور ترقی میں سرمایہ کاری کریں اور بہترین کارکردگی کے لئے کوشش کریں۔۔