تجارتی تعلقات بڑھنے کے بعد روس سے پہلا مال بردار ٹرک پاکستان پہنچ گیا

اسلام آباد(صباح نیوز)روس اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھنے کے بعد پہلا مال بردار ٹرک روس سے پاکستان پہنچ گیا،مال بردار ٹرک پاک روس ٹرانسپورٹیشن معاہدے کے تحت پاکستان پہنچا۔وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے پاک روس ٹرانسپورٹیشن معاہدے کے تحت روس سے ٹرک کی آمد کے موقع پر بیان میں کہا کہ روس مصنوعات ایکسپورٹ کرنے والا چوتھا بڑاملک ہے۔ باہمی تجارت میں فروغ سے معاشی اور اقتصادی ترقی میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ پاکستان میوہ جات، ملبوسات ، آلات جراحی اور زرعی اجناس برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔روس سے تجارت کے لیے نقل وحمل سرحدی اور کسٹم قواعد اور ضوابط پرمٹس اور اجازت ناموں کے ذریعے ہوگی۔