اسلام آباد (صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے 7 مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے ایک خاتون اور 2 غیر ملکی باشندوں سمیت 8 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کے خلاف ایم 1 موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب پشاور کی رہائشی خاتون کے قبضے سے 3کلو 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ سیکٹر جی 13میں پی ایس او پمپ اسلام آباد کے قریب ملزمان کے قبضے سے 700گرام کوکین برآمد کرلی گئی۔ ایک اور کارروائی میں راولپنڈی میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں 2 ملزمان کے قبضے سے 50 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔اے این ایف کے مطابق ملزمان طلبہ کو منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہیں ۔
کارروائیوں کے دوران پشاور اور راولپنڈی کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔دوسری جانب ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ کے قریب 2 گاڑیوں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی، 20 کلو گرام آئس گاڑیوں کے دروازوں میں چھپائی گئی تھی۔ ملزمان گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر منشیات سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ کارروائی میں 2 غیر ملکی باشندوں سمیت چنیوٹ اور چاغی کے رہائشی 4 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ۔
سبزل روڈ کوئٹہ پر موٹرسائیکل کے ذریعے 20 کلو چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر قلعہ عبداللہ کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ جروبی زخا خیل خیبر کے علاقے میں 2 کارروائیوں میں پلاسٹک کے تھیلوں میں چھپائی گئی 14کلو 500 گرام چرس برآمد کرلی گئی ۔ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔