آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی کا 3 ارب ڈالرز کے معاہدے کا خیر مقدم

 اسلام آباد(صباح نیوز) عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سے زمان پارک میں ملاقات کی ہے، پاکستان تحریک انصاف نے تین ارب ڈالرز کے معاہدے کی حمایت اور خیر مقدم کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف وفد اور چئیر مین تحریک انصاف کے درمیان زمان پارک میں ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں پارٹی کے وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔جبکہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ویڈیو لنک پر آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی۔

ملاقات میں آئی ایم ایف معاہدے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ جس کے بعد عالمی مالیاتی فنڈز کا وفد روانہ ہوگیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ترجمان حماد اظہر نے ملاقات کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ زمان پارک میں ہونے والی ملاقات کے دوران آئی ایم ایف کے سربراہ برائے پاکستان نیتھن پورٹر واشنگٹن سے بذریعہ ویڈیو لنک موجود تھے جبکہ نمائندہ برائے پاکستان ایستر پیریز زمان پارک میں موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف حکام سے ایک گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین کے علاوہ شاہ محمود قریشی، شوکت ترین، عمر ایوب، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، شبلی فراز، حماد اظہر اور مزمل اسلم شامل تھے۔حماد اظہار کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان ہونے والے نو ماہ کے معاہدے پر بات چیت ہوئی جس میں پاکستان کو نو ماہ کیلیے تین ارب ڈالرز بطور قرض دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مجموعی مقاصد اور کلیدی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا خیر مقدم کرتی ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ ہم اس سال کے موسم خزاں میں ہونے والے قومی انتخابات سے اور نئی حکومت کے قیام تک معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور کم آمدنی والے طبقے کو مہنگائی سے بچانے کے لیے پروگرام کی اہمیت پر زور بھی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی استحکام اور قانون کی حکمرانی کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے لازمی سمجھتی ہے۔ آئین کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور بروقت انتخابات کے بعد عوامی مینڈیٹ سے آنے والی نئی حکومت اصلاحات کا آغاز کرے گی اور اقتصادی تبدیلی، اعلی اور زیادہ جامع ترقی کے لیے کثیرالجہتی اداروں کے ساتھ طویل مدتی بنیادوں پر مشغول ہوگی۔

اس حوالے سے آئی ایم ایف کی نمائندہ برائے پاکستان ایستر پیریز نے کہا ہے کہ پاکستان میں اہم سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ ایستر پیریز کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے نمائندوں سے ملاقاتوں کا مقصد قرض پروگرام کی پالیسیوں پرعمل کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔نمائندہ آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ انتخابات سے قبل پروگرام کے مقاصد کے حصول کیلئے حمایت حاصل کررہے ہیں، آئی ایم ایف کاا یگزیکٹو بورڈ نئے اسٹینڈبائی ارینجمنٹ معاہدے پرغور کرے گا۔