وزیراعظم کا کرنل شیر خان کو یوم شہادت پرخراج عقیدت


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کو ان کے 24ویں یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کیپٹن کرنل شیر خان شہید سمیت اپنے تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر اعظم آفس  جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید پاکستان کا وہ بہادر اور جری بیٹا ہے جس کی جرات، دلیری اور شجاعت کا اعتراف خود دشمن نے کیا، 17 ہزار فٹ کی بلندی پر گلتری کے مقام پر دفاع وطن کا حق مثالی فرض شناسی سے ادا کیا اور اپنی جان ارض پاک پر قربان کردی۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان اپنے نام کی طرح شیر بن کر دشمن پر جھپٹا اور مادر وطن کی سرحدوں سے حملہ آور دشمن کو مار بھگایا، کیپٹن کرنل شیر خان نے اپنے جانبازوں کے ہمراہ دشمن کے مقابلے میں تعداد میں کم ہونے کے باوجود پاکستان کی سرحد کا دفاع کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے شہدا ء کی ہمیشہ مقروض رہے گی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کیپٹن کرنل شیر خان سمیت دیگر شہدا کی یادگاروں اور مجسموں کی بے حرمتی کرکے ندامت کی سیاہ تاریخ لکھی گئی۔ نوجوان نسل خاص طور پر اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں، بہادری اور ان کی وطن سے لازوال محبت سے مکمل آگاہی حاصل کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے دنیا خاص طور پر دشمنوں کو یہ پیغام گیا کہ ہم اپنے شہدا کی عزت نہیں کرتے، جس شہید نے وطن کا دفاع کرتے ہوئے جان قربان کردی، اس کی حرمت اور ناموس کی حفاظت پوری قوم کرے گی اور مجرموں کو سزا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید پہلے نشان حیدر ہیں جن کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔