ہوشاب(صباح نیوز) بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر سمیت 2جوان شہید اور ایک سپاہی زخمی ہو گیا۔
یہ واقعہ ضلع شیرانی میں تین چوکیوں پر بیک وقت حملوں میں چار سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت کے چند گھنٹے بعد پیش آیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کی باوثوق انٹیلی جنس کی بنیاد پر ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کا آغاز کیا۔
مزید کہا گیا کہ فرار ہونے والے راستے بند کرنے کے لیے ناکہ بندیوں کے قیام کا عمل جاری تھا کہ گھات لگائے دہشت گردوں کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تباد لے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی نے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایک اور سپاہی زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں حملے کے مجرموں کو پکڑنے کے لیے فالو اپ آپریشن جاری ہے۔