مدینہ منورہ میں عازمین حج اور حاجیوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی میں دو پاکستانیوں کی ٹیلی میڈیسن کمپنی وی ون ہیلتھ نے مفت خدمات فراہم کی

مکة المکرمہ  (صباح نیوز)امریکہ سے اس سال حج بیت اللہ کے دوران مدینہ المنورہ میں عازمین حج اور حاجیوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی میں سعودی وزارت صحت کے اشتراک سے دو پاکستانیوں کی ٹیلی میڈیسن کی کمپنی وی ون ہیلتھ کو خدمت کی بڑی سعادت ملی ہے۔

اس کمپنی کے بانی چیئرمین اور سی ای او انجیئر عارف الحق عارف اور بانی صدر اور چیف میڈیل آفیسر ڈاکٹر ارشد علی ہیں۔عارف الحق عارف این ای ڈی انجیئرنگ یونیورسٹی اور امریکہ کی یونیورسٹی آف سدرہ کیلی فورنیا کے فارغ التحصیل ہیں جب کہ  ڈاکٹر ارشد علی ہمدرد میڈیکل یونیورسٹی اور میڈیکل کے چار شعبوں میں امریکن بورڈ اور ایم بی اے ہیں۔عارف الحق عارف،ڈاکٹر ارشد علی اور کمپنی کے نائب صدر ڈاکٹر خورشید حیدر نے اپنی کمپنی کے ذریعہ دنیا بھر کے حاجیوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی اور خدمات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان اور اپنے لئے بڑی سعادت بھی قرار دیا۔

انہوں نے سعودی وزارت صحت کا شکریہ ادا کیا ہے کہ اس نے اس نیک کام کیلئے ان کی کمپنی کا انتخاب کیا۔اس کمپنی  کے سربراہ عارف الحق عارف نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے سعودی وزارت صحت سے حاجیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کا کوئی معاوضہ نہیں لیا اور یہ نیک کام صرف رضائے الہی کے حصول کی خاطر فی سبیل اللہ کیا ہے۔۔