کراچی میئر کے انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی گوادر وکراچی کی مینڈیٹ کی حفاظت کرتے ہوئے عوام کی خدمات اسلامی نظام کے قیام اورجائر جمہوری حقوق کے حصول کیلئے قانونی تحریک چلارہی ہے عوام نے جب بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دیں مقتدر قوتوں اوراسلام وملت دشمنوں نے سازش کے تحت رکاوٹیں ڈال کر سازش کی۔ سپریم کورٹ سندھ حکومت کی دھاندلی کونوٹس لیتے ہوئے کراچی میئر کے انتخابات کو کالعدم قرار دے دیں۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کے کسی کونے میں بھی دھاندلی زدہ الیکشن کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیںکریگی۔پہلے گوادر اب کراچی کے عوام کے حق پر ڈاکہ مارا گیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کرپٹ نظام کی سب سے بڑی محافظ ہے ۔ان لوگوں نے 1971میں بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر کے پاکستان کو دو لخت کیا تھا ۔ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ہم گوادر وکراچی کے عوام کے مینڈیٹ کو چرانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے ۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کے عوام کا استحصال کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت بے نقاب ہو چکی ہے ۔

میئر کا جعلی انتخاب اور سلیکشن کو مسترد کرتے ہیں ۔ 31منتخب نمائندوں کواغوا ء کر کے جمہوری روایات کو پامال کیا گیا ہے ۔آصف علی زرداری کا اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرناپیپلز پارٹی کا روایتی ہتھکنڈا ہے جو کہ جمہوریت کا نام لیوائوں کے منہ پر سیاہ دھبہ ہے ۔ اس جعلی انتخاب کو کالعدم قر ار دیکر از سر نو شیڈول جاری کیا جائے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان کرپٹ افراد سے نجات حاصل کی جائے ۔ پی ڈی ایم ناہلوں اور کرپٹ افراد کا ٹولہ ہے جس نے عوام سے خوشیاں بھی چھین لی ہیں۔ قوم کو آئی ایم ایف اور دوسرے مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا گیا ۔ ہر سال اربوں روپے ان لوگوں کی کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں#