ملک کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری،مری میں کتنے سیاح اور گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں،اسسٹنٹ کمشنر نے اعداد و شمار جاری کر دیئے


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ،کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں ابرکرم کھل کر برسا ،بارش  سے اسلام آباد میں سردی کی شدت بڑھ گئی۔

شہر قائد میں مغربی سسٹم کا راج رہا۔ سکیم 33، بحریہ ٹاؤن، صدر، نارتھ ناظم آباد، ناگن چورنگی، شاہراہ فیصل، ملیر، ایئرپورٹ، ایم اے جناح روڈ، گلشن اقبال، گلستان جوہر سمیت کئی علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ہوئی،بارش سے سڑکوں پرپھسلن اورپانی جمع ہونے  سے دفاترجانے والوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔  آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کے دوران بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ کے الیکٹرک کے 1900 سے زائد میں سے 325 کے فیڈرز حفاظتی بنیادوں پر عارضی طور پر بند کیے گئے ہیں۔ صورتِحال کا مستقل جائزہ لیا جا رہا جبکہ فیلڈ میں عملہ الرٹ پر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گردونواح میں  بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کے بعد سردی کی شدت میں پھر سے اضافہ ہوا،صبح کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

قلات میں درجہ حرارت منفی4،ژوب میں 1، سبی میں3، خضدار میں 5اور پنجگور میں درجہ حرارت 10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، برفباری کے بعد مری جانے والے سیاحوں کا رش بڑھ گیا،ملکہ کوہسار مری جانے والے مسافروں کیلئے سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کی جانب جاری ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ برفباری کے بعد مری جانے والے سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے، مری میں 4000 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت موجود ہے اس وقت مری میں 50,000 گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق انتظامیہ اور ٹریفک پولیس اہلکارسیاحوں کی مدد کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں سیاحوں سے گزارش ہے پہلے موسم ، ٹریفک معلومات کنٹرول روم سے حاصل کریں۔ان کا کہنا ہے کہ مری میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے برفباری سے باڑیاں کی طرف سے نتھیاگلی جانے والی ٹریفک بندہے

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب کے سیاحتی مقام مری سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ملکہ کو ہسا ر مر ی میں بر فبا ر ی کا نیا سلسلہ اتوار کی دوپہر میں شروع ہوا ،سیاحتی مقام گلیات میں بھی برفباری جاری ہے،

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے سوات کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔مالم جبہ میں بھی برفباری کا مزہ لینے سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچی ہے۔

لوئر دیر کے بالائی علاقوں شاہی ٹاپ ، بن شاہی اور کل پانی میں بھی برفباری جاری ہے اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقوں بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اوربٹوگاہ ٹاپ میں برفباری جاری ہے۔ غذر کے بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے