اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کا ناروے کا 2 روزہ سرکاری دورہ ، دورے کے دوران انہوں نے ناروے کے وزیر خارجہ اینیکن ہیٹ فیلڈ اور سٹیٹ سیکرٹری ایرلنگ رمسٹاد ے ملاقاتیں کیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت نے ناروے کی پارلیمنٹ میں قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور اور دفاع کے ارکان سے ملاقات کی جس کی قیادت کمیٹی کی چیئرپرسن این ایرکسن سورائیڈ کر رہی تھیں۔ناروے کے وزیر خارجہ اینیکن ہیٹ فیلڈ سے ملاقات میں فریقین نے75 سالہ دوطرفہ تعلقات کو سراہا اور متعدد شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کثیرالجہتی اہمیت کا اعادہ کیا۔
وزیر مملکت نے ایرلنگ رمسٹاد سے ملاقات میں پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ناروے کی فراخدلانہ مدد پر شکریہ ادا کیا۔ فریقین نے پاکستان میں مائیکرو ہائیڈرو پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا اور گرین انرجی، شپنگ اور بلیو اکانومی اور اعلی تعلیم اور تحقیق میں تعاون جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی سلامتی کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور اور دفاع سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور اور عالمی امن کو لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ ناروے بین الاقوامی قوانین کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیر مملکت نے نارویجن انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز سے خطاب کیا جہاں انہوں نے عالمی امن وسلامتی پر گفتگوکی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے عالمی اور علاقائی پیش رفت، بین الاقوامی سیاسی نظم و نسق پر اس کے اثرات اور پاکستان کے سکیورٹی نقطہ نظر کے بارے میں گفتگوکی۔تقریب میں سفارت کار وں ، سیاست دان، ناروے کی وزارت خارجہ کے حکام، ممتاز تارکین وطن، ماہرین تعلیم اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔وزیر مملکت نے نارویجن کمپنیوں کی اعلی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی جو پاکستان میں پہلے سے کاروبار میں ہیں جن میں ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ ٹیلی نار ریٹا سکجائیرک، سی ای او سکیٹیک ٹیرجے پِلسکوگ، سی ای او جوٹن پینٹس مورٹن فان، چیئر نورہائیڈرو رابرٹ سٹور بیک اور سی ای او نورہائیڈرو رخسار حامد شامل ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی سرمایہ کاری ناروے کی دیگر نجی کمپنیوں کو پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات استوار کرنے کی ترغیب دے گی۔ وزیر مملکت نے ایس ایم ایز اور آئی ٹی کے شعبوں میں نوجوان اور خواہشمند نارویجن تاجروں کے ایک گروپ سے بھی ظہرانے پر ملاقات کی جو پاکستان میں کاروبار کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اجلاس میں ناروے کی شپ اوونرز ایسوسی ایشن کے سینئر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ وزیر مملکت کا یہ دورہ پاکستان اور ناروے کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے 12ویں اجلاس کے انعقاد سے قبل ہوا۔بیان کے مطابق ناروے کی قیادت کے ساتھ ان کی بات چیت اور کئے گئے فیصلوں سے آئندہ مشاورت کے ایجنڈے کی رہنمائی میں مدد ملے گی۔ چھ ماہ کے عرصے میں نائب وزیر خارجہ کی سطح پر دو طرفہ دوروں کے تبادلے نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نئی تحریک فراہم کی ہے کیونکہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔۔