وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف درج


کوئٹہ(صباح نیوز)کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف درج کرلیا گیا۔ مقدمہ مقتول وکیل کے بیٹے کی مدعیت میں شہید جمیل کاکڑ تھانہ میں درج کیا گیا، پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف جمیل شہید پولیس تھانے میں زیر تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 109، 34 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 6 اور 7 کے تحت درج کیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ گزشتہ روز کوئٹہ میں ائیر پورٹ روڈ پر عالمو چوک کے قریب فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالررزاق شر جاں بحق ہوگئے تھے، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار تھے۔