اسلام آباد(صباح نیوز) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ہر سال کی طرح امسال بھی حکومت پاکستان کے اعلان پر یومِ قائد اعظم کے موقع پر عام تعطیل رہی ، بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں اسی مناسبت سے سیمینارز، کانفرنسز، تقاریب اورمباحثے منعقد ہوئے
ان تقریبات میں بانی پاکستان کو ان کی گراں قدر خدمات اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
قائداعظم کی زندگی کامیابیوں اورانکی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ، سرکاری و نجی ٹی چینلز نے قائد اعظم کے یوم پیدائش پر خصوصی پروگرامزاکرے، انٹرویوز اور رپورٹس نشر کیں جن میں جدوجہد آزادی کے مختلف مراحل اور قائداعظم محمد علی جناح کے قائدانہ کردار پر روشنی ڈالی گئی ۔بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم کااجراء کیا گیا ہے۔
قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستہ نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے ،گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اہم قائد اعظم کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔شخصیات نے بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی اور پھول رکھے۔
پاک فوج کے زیر اہتمام 25دسمبر یوم قائد اعظم اور کرسمس ڈے کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان میں عاطف شہید پارک میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ عامر لطیف ، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج شوکت عباس اور وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر افتخار احمد تھے۔ تقریب میں سٹیشن کمانڈر ڈیرہ کے علاوہ تاجر تنظیموں کے نمائندے، علماء کرام، معززین علاقہ، تعلیمی اداروں کے سربراہان، طلباء و طالبات شریک تھے۔ پروقار تقریب میں تعلیمی اداروں کے طلباء نے قائد اعظم کے حوالے سے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کئے جس میں ایمان ، اتحاد اور تنظیم پر زور دیاہے ۔