حکومت اپوزیشن اپنے اپنے مفادات کیلئے سرگرم ہیں۔ مولانا عبدالحق ہاشمی

 کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں عوام پریشان ،حکمران غافل ،حکومت واپوزیشن اپنی اپنی مفادات کیلئے کام کر رہے ہیں انہیں عوام کی فکر نہیں حقیقی عوامی اپوزیشن جماعت اسلامی ہے جماعت اسلامی قوم کو غافل حکمرانوں ،بدعنوانی وپریشانی سے نکالنے کی جدوجہد کر رہی ہے عوام نے سب کو آزما لیا مگر مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہاہے عوام الناس مسائل کواجاگراور حل کرنے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہاکہ کئی دہائیوں سے قوم پر مسلط حکمران غافل ونااہل ہیں حکومت واپوزیشن ایک سکے کے دونوں رخ ہیں ۔بدقسمتی سے عوام سے بہت سے خوشنما وعدے کیے جاتے ہیں لیکن الیکشن کے بعدعوام کو بھول جاتے ہیں کرپشن میں بدترین اضافہ کیساتھ عوامی مسائل ومشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔قوم مسائل کے دلدل میں پھنس گیے ہیں،عوام جماعت اسلامی کے دیانت دار ٹیم کے ذریعے اسلامی نظام کوآزمالیں تاکہ غربت ،بے روزگاری ،امریکی غلامی اورنااہل ناکا م مسلط شدہ حکمرانوں سے نجات مل جائیں ۔بدترین مہنگائی کی وجہ سے بلوچستان میں غربت بڑھ گئی ہے کرپشن میں بھی بہت اضافہ ہوا ہے جبکہ احتساب کاکوئی نظام نہیں لوٹ مار عروج پر ہیں ۔حکمرانوں نے بلوچستان میں بے غربت وبے روزگاری کے خاتمے کیلئے کوئی کام نہیں نہ عوامی مسائل کو کم کرنے کیلئے کوئی ترقیاتی کام ہورہے ہیں کوئی میگاپراجیکٹ نہیں ۔

ہر طر ف لوٹ مارجاری ہے ۔عوام وحکومتی خزانہ کو لوٹنے کیلئے سب متحد ہیں ۔بلوچستان میں غربت بے روزگاری پہلے بھی بہت تھی کسی حکومت نے غربت اوربے روزگاری کے خاتمے کیلئے کچھ نہیں کیا ۔دوردرازعلاقوں میں تعلیم وصحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ۔تعلیم وصحت اورروزگار برائے فروخت ہونے کی وجہ سے غریبوں کا جینا مشکل تر ہوگیا ہے۔حکومتی نااہلی ناکامی کی وجہ سے بلوچستان کی زراعت ومعیشت وتجارت تباہ ہو گئی ہیں۔ حکمرانوں کو بلوچستان کے عوام کیساتھ ناانصافی ظلم وجبر بند کرنا ہوگا کب تک بلوچستان کے عوام کو لولی پاپ ،خالی خولی وعدوں اوربے عمل اعلانات سے ٹرخایاجائیگا بے انصافی ظلم وجبر کا نظام حکمرانو ں کے دنیا وآخرت کی کامیابی وسکون چھین لیگا #