پاکستان میں انجینئرنگ شعبے کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھا کر زیادہ سے زیادہ آٹو اسپئیر پارٹس کی برآمد کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ٹویوٹا ایشیا کے پریزیڈنٹ، یوشیکی کونیشی اور انڈس موٹرز کے سی ای او علی اصغر جمالی نے ملاقات کی.ملاقات میں پاکستان میں جاپان کے سفیر متسوہیرو وادا، وائس چییرمین ٹویوٹا انڈس موٹرز شن جی یناجی ، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوم مرتضی محمود، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونین خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ٹویوٹا انڈس موٹرز نے 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں پہلی مرتبہ ہائی برڈ گاڑیوں کا یونٹ قائم کیا ہے جو جلد پیداوار شروع کرے گا. ملاقات میں مزید بتایا گیا کہ ٹویوٹا انڈس موٹرز جولائی سے آٹو اسپیئرپارٹس کی برآمد شروع کر رہی ہے اس اقدام سے پاکستان گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کی عالمی سپلائی چین میں اپنی جگہ بنا سکے گا. اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں انجینئیرنگ شعبے کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھا کر زیادہ سے زیادہ آٹو اسپئیر پارٹس کی برآمد کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں. وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ پاکستان میں فروخت کی جانے والی گاڑیوں میں پارٹس کی اکثریت مقامی طور پر تیار شدہ ہو.  شرکا نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا. جاپانی سفیر نے وزیرِ اعظم کو جاپان کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی سے آگاہ کیا جسکا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کو اپنی ترقی اور خوشحالی کے ایک اہم شرکت دار کی نگاہ سے دیکھتا ہے

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیںپاکستان میں ٹویوٹا کی مقامی سطح پر پائی برڈ گاڑی کی پیداوار خوش آئند ہے ۔پاکستان میں ہائی برڈ گاڑیوں کی پیداوار سے ایندھن کے درآمدی بل میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی. وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت ملک میں جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے صنعتوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔جاپانی سفیر  نے کہاکہ چاپان کی بڑی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں. رواں سال جولائی سے ٹویوٹا انڈس موٹرز پاکستان سے گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کی برآمد شروع کر رہا ہے.سپیئر پارٹس کی پاکستان سے برآمد سے پاکستان آٹو اسپیئر پارٹس کی عالمی سپلائی چین کا حصہ بن جائے گا.وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کی انجینئیرنگ کے شعبے کی استعداد سے فائدہ اٹھا کر اسپئیر پارٹس کی برآمدات کو بڑھایا جائے