اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم لندن پلان کے تحت طے شدہ شرمناک سیاسی نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے پر ردعمل میں پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اعلامیے پر مخصوص سیاسی بیانیے کے غلبے پر تشویش ہے۔ ٹھوس حقائق کے بجائے مفروضون کی بنیاد پر فیصلہ سازی تباہ کن ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ حکمراں اتحاد پی ٹی آئی اور چیئرمین عمران خان کے خلاف لندن پلان کے تحت طے شدہ شرمناک سیاسی نتائج حاصل کرنا چاہتا ہے۔ قومی ترقی اور استحکام آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ سے ہی ممکن ہے تاہم گزشتہ 13ماہ کے واقعات نے ثابت کیا کہ مقتدر سیاسی اور عسکری اشرافیہ کی ترجیحات اس کے برعکس ہیں۔اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت 9مئی کے پرامن احتجاج میں نہتے شہریوں کے قاتلوں اور جلا ؤگھیرا ؤمیں ملوث انتشارپسندوں کی نشاندہی کرے اور سپریم کورٹ ججز پر مشتمل با اختیار عدالتی کمیشن بنایا جائے۔
محض شکوک و شبہات یا پرامن احتجاج کے آئینی حق کے تحت بغیر مقدمات اٹھائے گئے ہزاروں شہریوں کو رہا کیا جائے اورتحریک انصاف کے خلاف مقدمات کے اندراج کو تحقیقات کے نتائج سے منسلک کیا جائے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف وطنِ عزیز کو گھمبیر بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے کسی خوف یا لالچ کے بغیر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔