افغانستان کے مسئلے پر اجلاس بلایا جانا خوش آئند ہے، سیکرٹری جنرل او آئی سی


اسلام آباد(صباح نیوز) اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے پر اجلاس بلایا جانا خوش آئند ہے۔

اوآئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے پر اجلاس بلایا جانا خوش آئند ہے اور او آئی سی اجلاس کے بہترین انتظامات قابل تعریف ہیں۔ افغانستان کے عوام ہماری مدد کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور ہم اس اجلاس کو افغان عوام کی مدد کے حوالے سے بہت اہم سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام کو درپیش انسانی بحران کے پیش نظر اس وقت ان کے لیے انسانی امداد کی فراہمی بہت ضروری ہے اور ہم تمام رکن ممالک کو کابل میں او آئی سی مشن کے ذریعے افغان عوام کو انسانی مدد فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں تمام فریقین مل کر کام کرنے پر اتفاق کریں گے۔