اسلا م آباد(صباح نیوز)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی ) نے زندہ جانوروں کی درآمد کیلئے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم، وزارت ہاسنگ اور آئی بی کیلئے ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
وزارت تجارت نے امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم سے متعلق سمری پیش کی۔ای سی سی نے زندہ جانوروں کی درآمد کیلئے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم کی منظوری دے دی، جانوروں سے متعلق دیگر پراڈکٹس درآمد کرنے کی بھی منظوری دی گئی، یہ فیصلہ اینیمل ہیلتھ کی عالمی تنظیم کی شرائط اور ضوابط کے تحت کیا گیا ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت ہاوسنگ کیلئے 29 کروڑ 99 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ آئی بی کی جانب سے ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی ادائیگی کیلئے 8 کروڑ 71 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کرلی۔ای سی سی اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت تجارت کی دیگر سمریز موخر کردی گئیں