اسلام آباد (صباح نیوز) حج درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل ہونے پر حکومت نے قرعہ اندازی کی تیاری شروع کردی، پانچ اپریل کو حج درخواستوں کی قرعہ اندازی متوقع ہے جب کہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عزم ظاہر کیا ہے کہ حکومت پاکستان حجاج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ہفتہ کو فنانس ڈویژن میں حج سکیم 2023 پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور، مشیر ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری مذہبی امور، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور دیگرمتعلقہ سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں حج 2023 کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری مذہبی امور نے اجلاس کو بتایا کہ حج 2023 کے لیے درخواستوں کی وصولی 31 مارچ 2023 کو حکومتی پالیسی کے مطابق مکمل کرلی گئی ہے۔ گورنمنٹ ریگولر اسکیم کے 44190 کوٹہ کے لئے بینکوں میں 72869 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2023 کے لیے اپنی زرمبادلہ کی ضرورت کے بارے میں تفصیلات بھی فراہم کیں۔
فیصلہ کیا گیا ہے کہ باقاعدہ اسکیم کے تحت موصول درخواستوں کی حتمی تعداد کے بارے میں مکمل طور پر معلومات منگل 4 اپریل 2023 تک بینکوں سے جمع کی جائیں۔ مکمل معلومات کی وصولی پرزرمبادلہ سے متعلق حتمی فیصلہ ہوسکیں گے۔اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ حج ایک مقدس مذہبی فریضہ ہے اور حکومت پاکستان حجاج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔