جسٹس مسرت ہلالی نے بطور قائمقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا


پشاور(صباح نیوز)جسٹس مسرت ہلالی نے بطور قائمقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

جسٹس مسرت ہلالی کی بطور مستقل چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری ابھی جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نہیں دی گئی۔ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے گورنر ہائوس پشاور میں جسٹس مسرت ہلالی سے بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔

جسٹس مسرت ہلالی چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلت اٹھانے والی پہلی خاتون جج ہیں۔ جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا جج تعینات نہ کیا گیا تووہ بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ رواںسال سات اگست کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو جائیںگی۔

واضح رہے کہ دوروز قبل سابق چیف جسٹس قیصر رشید خان اپنی 62سالہ آئینی مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے جبکہ صرف ایک دن کے لئے چیف جسٹس بننے والے جسٹس روح الامین خان بھی گزشتہ روز اپنی 62سالہ آئینی مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔