سنتیاگو(صباح نیوز)چلی میں پہلی مرتبہ انسان میں برڈ فلو وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چلی کے وزارت صحت نے کہا ہے کہ برڈ فلو کی تصدیق 53 سالہ شخص میں ہوئی، جن میں انفلوئنزا کی شدید علامت پائی گئی ہیں۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ برڈ فلو سے متاثرہ شخص کی حالت بہتر ہے۔حکام نے کہا کہ برڈ فلو کے ماخذ اور مریض کے رابطے میں آنے والوں سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانوں کی طرح پرندوں اور دیگر جانداروں میں بھی فلو لگنے کے امکانات ہوتے ہیں، دنیا بھرمیں برڈ فلو کی 15 اقسام پائی جاتی ہیں جن میں سے H5 اور H7 نامی اقسام جان لیوا ہو سکتی ہیں۔
دنیا میں 2003 میں برڈ فلو کی بیماری ایک درجن سے زائد ممالک میں پھیلی تھی جس کے بعدوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لاکھوں پرندوں کو ہلاک کیاگیا تھا۔