مرگی کے مریض روزے میں تین احتیاطیں لازم کریں: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

کراچی (صباح نیوز)ایپی لیپسی فائونڈیشن پاکستان کی صدر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ مرگی کے مریضوں کے اکثریت پر روزہ اثرانداز نہیں ہوتا ہے مگر ان کیلئے تین احتیاطیں کرنا لازم ہے۔

مرگی کے مریض روزہ رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ اپنے معالج کے مشورے کو مدنظررکھ کر کریں روزہ رکھنے سے جسم میں غیرمعمولی چربی(Abnormal Fat)کے تحلیل کا عمل (Ketosis) شروع ہوجاتا ہے جو کہ مرگی کے دوروں کے لئے مفید ہوتا ہے مگر مرگی کے مریضوں کیلئے روزے میں تین چیزیں نقصان دہ ہوسکتی ہیں جس کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔پہلی چیز مرگی کے مریض نیند پوری لینے کا خاص خیال رکھیں کیونکہ نیند پوری نہ ہونے سے دورے پڑنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

اس سال رمضان کے آغاز پر موسم خوشگوار رہا مگر اب گرمی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے۔ گرمی کی وجہ سے جسم میں ڈی ہائیڈیریشن  (Dehydration) یعنی پانی اور نمکیات کی کمی واقع ہوجاتی ہے جو کہ دورہ پڑنے کا دوسرا سبب بن سکتی ہے۔

درجہ حرارت کی کمی بیشی (fluctuation) جیسے ایئرکنڈیشنر کے ٹھنڈے ماحول سے فوراََ گرمی میں بار بارآنا جانا دورہ پڑنے کا تیسرا سبب بن سکتا ہے۔اس کے علاوہ جب ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہوتا ہے تو بھی مرگی کے مریضوں کو احتیاط کرنی ہوتی ہے۔

رمضان کے بابرکت مہینے کی آمد کے موقع پرروزہ رکھنے یا نہ رکھنے کے حوالے سے مرگی کے مریضوں کی رہنمائی کیلئے ایپی لیپسی فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ  مرگی ایک قابل علاج بیماری ہے۔مرگی کے دوروں کا خوف اورہمارے معاشرے میں پائی جانے والی لاعلمی کی وجہ سے اس مرض میں مبتلا مریضوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرتا پڑتا ہے۔

مرگی کے مریضوں کی اکثریت دورہ پڑنے کے چند منٹ کے علاوہ دوسرے لوگوں کی طرح بالکل نارمل ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ مرگی کی کچھ ادویات لیتے ہوئے روزہ نہیں رکھنا چاہئے۔

اس لئے مرگی کے مریض روزہ رکھنے کے لئے اپنے معالج سے رجوع کریں۔ مرگی کے مریضوں کو چاہئے کہ رمضان میںادویات لینے کا ٹائم ٹیبل اپنے ڈاکٹر سے لازمی لیںاگر دورے کنٹرول میں ہیں اوروہ روزہ رکھنا چاہتے ہیںتو اوپر دی ہوئی تینوں ہدایات پر عمل کرکے ضرور روزہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ مرگی کے مریض سحری میں دہی اور کیلا، کھجور ، جو کا دلیہ اور الائچی ضرور لیںاور ادویات لینا نہ بھولیں۔ نیند پوری کریں۔

افطار میں بھیگی ہوئی کھجور کا پانی ایک چٹکی نمک اور کھجور سے روزہ کھولیں۔ تازہ پھلوں کا جوس اور کوئی بھی موسمی پھل لیں۔افطاری میں پروٹینز بینز، لوبیا اور چنے وغیرہ بھی مفید رہیں گے۔ کھانے میں ہلکی غذا مگر متوازن غذا لیں اور سوڈا انرجی، کولڈ ڈرنک سے پرہیز کریں۔