لاہور(صباح نیوز)لاہورکالج برائے خواتین یونیورسٹی کے کانووکیشن میں خاتون پروفیسر ڈاکٹرفوزیہ نے معاون خصوصی وزیراعظم شہبازگل سے ڈگری لینے سے انکار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہورکالج فار ویمن یونیورسٹی کے16ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس کے دوسرے روز مہمان خصوصی شہبازگل تھے ۔
ایسوسی ایٹ پروفیسرپولیٹیکل سائنس سمن آبادکالج ڈاکٹر فوزیہ کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دی جانی تھی ،لاہورکالج فارویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن میں سمن آباد کالج کی خاتون پروفیسر کا نام پکارا گیا مگر وہ اسٹیج پرنہ آئیں۔
تاہم ڈاکٹر فوزیہ نے شہباز گل سے ڈگری نہ لینے سے متعلق ٹویٹ کر دیا۔
انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ شہباز گل کانووکیشن کے مہمان خصوصی بننے کے لائق نہیں،اس لئے ان سے ڈگری وصول نہیں کروں گی۔
خاتون کے ڈگری لینے کے انکار پرسوال کا جواب دیتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت ہے اور ہر ایک کواپنی رائے کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے،ڈگری لینے سے انکار کرنے والی خاتون خواجہ سعد رفیق کی رشتے دار ہے،لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی وائس چانسلر(وی سی) بشری مرزا نے کہا کہ میری نظر میں کانووکیشن کے مہمان خصوصی شہباز گل بننے کے اہل ہیں اس لیے انکو بلایا،ہر کسی کا اپنا حق ہے، کسی کو زبردستی کچھ نہیں کہ سکتے،دوسری جانب کالج پرنسپل کا کہنا تھاکہ خاتون پروفیسر کا ٹوئٹر اکاونٹ ہیک کیا گیا، خاتون پروفیسر نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔