اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو اپنانا جانا چاہئے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اور افغانستان سیمنز ہیلتھائنرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خرم جمیل سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ طبی ٹیکنالوجی میں پیشرفت ملک کے صحت کے نظام کو تبدیل کرنے میں مدد کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز ملک کی مستقبل کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے اور صحت کے شعبے میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے جدت اپنائیں۔
صدر مملکت نے صحت کے شعبے میں سرکاری ، نجی اداروں اور این جی اوز کے درمیان شراکت داری قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خصوصی افراد کی بہتری، چھاتی کے کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان کے ہیلتھ کیئر سیکٹر کی ترقی کے لئے سیمنز ہیلتھائنرز کی کوششوں کو سراہا۔ سی سی او خرم جمیل نے صدر مملکت کو سیمنز ہیلتھائنرز کی پاکستان میں صحت کے شعبے میں خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔۔