ترکیہ اور شام کے متاثرین زلزلہ کی مدد کرنا نہ صرف ہم پر فرض بلکہ قرض بھی ہے۔سید صلاح الدین


مظفر آباد: حزب  المجاہدین  کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام کے متاثرین زلزلہ کی مدد کرنا نہ صرف ہم پر فرض بلکہ قرض بھی ہے۔ ملت اسلامیہ ترکیہ نے ہر آزمائش اور مشکل گھڑی میں مظلوم مسلمانوں بالخصوص کشمیریوں اور فلسطینیوں کی بھر پور حمایت کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین احمد نے ایک بیان میں کیا ہے۔انہوں نے ترکیہ و شام میں حا لیہ خوفناک زلزلہ کی تباہ کاریوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے خونی لکیر آر پار اور باہر کے ممالک میں مقیم تمام کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ایک لمحہ ضائع کئے بغیر متاثرین زلزلہ کی ریلیف رسانی اور بچاو کی کوششوں میں تن من دھن کمر بستہ ہوجائیں۔

جہاد کونسل کے سربراہ نے کہا کہ اہالیان کشمیر اگر چہ بذات خود اس وقت 9لاکھ قابض فوج کے ہاتھوں زمین و جائیداد اور روزگار و رہائش سے بالجبر محروم کئے جارہے ہیں تاہم وہ اس آلام و آزمائش کی گھڑی میں پیٹ پر پتھر باندھ کر اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کو ریلیف رسانی میں پیش پیش رہیں گے۔ملت اسلامیہ ترکیہ نے ہر آزمائش اور مشکل گھڑی میں مظلوم مسلمانوں بالخصوص کشمیریوں اور فلسطینیوں کی بھر پور حمایت کی ہے۔

سید صلاح الدین احمد نے خوفناک زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے حق میں دعائے مغفرت اور بلندی درجات اور زخمیوں کی شفا یابی کیلئے خصوصی دعا کی اور بارگاہ  الہی سے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں مملکتیں اللہ تعلی کی تائید و مدد سے اس آفت سماویہ سے سرخرو ہوکر استحکام و خوشحالی سے ہمکبنار ہوکر رہیں گی۔ان شا  اللہ