واشنگٹن(صباح نیوز) امریکہ میں ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم نے ڈیجیٹل اشتہاری ٹرکوں کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کی مہم چلائی ہے۔
نیویارک اور واشنگٹن کی سڑکوں پر موجود ٹرکوں کی الیکٹرانک اسکرینوں پر ”کشمیر بھارتی محاصرے میں ہے ، مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جمائو والا خطہ،کشمیر میں نسل کشی بند کرو، بھارت کشمیر میں آزادی صحافت کا گلہ گھونٹ رہا ہے، انڈین آرمی آؤٹ آؤٹ، بھارت کو کشمیر میں جنگی جرائم کا جوابدہ ٹھہراؤ اور آزادی سب کے لیے” جیسے پیغامات درج تھے۔
یہ ٹرک27 اکتوبر کو دونوں شہروں کی سڑکوں پر نمودار ہوئے جو کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے 1947 اس دن کشمیریوںکی مرضی کے خلاف اپنی فوج سرینگر کے ہوائی اڈے پر اتار دی تھی۔
ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ایک بیان میں کہاکہ ہمارا مقصد صحیح جگہوں پر سامعین تک پر پیغامات پہنچانا تھا اور ہم اپنے مقصد میں کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرکوں کے ذریعے تمام وفاقی عمارتوںبشمول محکمہ خارجہ ،کیپیٹل ہل، کانگریس کی لائبریری،واشنگٹن یادگار،سفید گھر؛ مختلف عجائب گھر،لنکن میموریل،واشنگٹن نیشنل کیتھیڈرل، بھارتی سفارت خانہ، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے مقامات پر پیغامات لوگوں تک پہنچائے گئے۔