پشاور(صباح نیوز) بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر موجود تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، آپریشن کے دوران 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ۔
سیکیورٹی فورسز نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی)کے عسکریت پسندوں کی جانب سے بنوں میں کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)کے مرکز پر قبضے کے 3 روز بعد یرغمال بنائے گئے افراد کو بازیاب کرانے کے لیے آپریشن کیا ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر دہشتگردوں کو ہلاک کئے جانے کے بعد سرچ آپریشن کا عمل مکمل ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔
آپریشن کے دوران مرکز کے آس پاس سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔اتوار کے روز بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا۔شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ اور علاقے میں آنے جانے والے راستوں پر پولیس کی نفری تعینات رہی۔
ڈپٹی کمشنر بنوں کے حکم کے تحت ضلع کے تمام اسکول بند رہے، بنوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی، جبکہ علاقے میں موبائل فون سروس بھی مکمل طور پر معطل رہی۔