عمران خان اب بھی مودی کی تعریفیں کر رہے ہیں،شیری رحمان

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ایک طرف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، نریندر مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہے دوسری طرف عمران خان ابھی بھی مودی کی تعریفیں کر رہے ہیں۔ عمران خان اب بھی کہہ رہے کہ مودی ہی مسئلہ کشمیر حل کر سکتا ہے۔ عمران خان شاید 5 اگست 2019 کا سیاہ ترین دن بھول گئے ہیں؟۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان نے مودی کی انتخابات میں کامیابی کی دعا کی اور ان کی حکومت کے دوران ہی مودی نے آرٹیکل 370اور 35کو ختم کرکے کشمیر کی خصوصی حیثیت پر حملہ کیا۔ عمران حکومت کے سامنے اس عالمی تنازعہ کی نوعیت تبدیل کرنی کی کوشش کی گئی، انہوں نے “ایک منٹ کی خاموشی” کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اب وزیر خارجہ نے نریندر مودی کو عالمی دنیا کے سامنے گجرات کا قصائی کہا ہے تو عمران خان پھر مودی کے دفاع میں اتر آئے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت لگا رہے لیکن وزیر خارجہ عمران خان کی طرح خاموشی اختیار نہیں کریں گے۔