پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست خارج


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کو روکنے کے لئے دائر کی گئی درخواست خارج کر دی۔

پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کو روکنے کے لیے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہری کی عدالتِ عالیہ میں دائر درخواست پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔

انہوں نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ کیسی درخواست ہے؟۔درخواست گزار کے وکیل نے جواب میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے وکیل کا جواب سن کر کہا کہ پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل میں آپ کو کیا ایشو ہے؟۔وکیل نے جواب میں کہا کہ درخواست گزار نے مفادِ عامہ میں یہ درخواست دائر کی ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ایسی غیر ضروری درخواستیں دائر کر کے عدالت کا وقت کیوں ضائع کرتے ہیں؟۔انہوں نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ درخواست واپس لے لیں ورنہ عدالت آپ پر بھاری جرمانہ کرے گی۔

فیصلہ سننے کے بعد درخواست گزار نے درخواست واپس لے لی۔