واشنگٹن(صباح نیوز) امریکا نے پاکستان کو کالعدم جماعت تحریک طالبان پاکستان کے خلاف جنگ میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینا دونوں ممالک کا مشترکہ مفاد ہے، پاکستان اور بھارت کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات ہیں، اپنے شراکت داروں کے درمیان تنائو کم کرنا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے واشنگٹن پہنچنے کے بعد پریس بریفنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، حملہ کرنے والوں پر زور دیتے ہیں کہ قبضہ ختم کریں، تشدد کی کارروائیاں بند کریں اور یرغمال لوگوں کو رہا کریں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب دو ممالک کے درمیان مشترکہ خدشات کی بات آتی ہے تو افغانستان کے اندر دہشت گرد تنظیموں اور پاک افغان سرحد پر دہشت گردی کے خلاف کارروائی سمیت مشترکہ مفادات میں امریکا پاکستان کا شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کیخلاف کارروائی کے لیے پاکستان کی مدد کو تیار ہیں۔ایک سوال پرنیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں امریکا کے پارٹنر ہیں، امریکا دونوں ممالک کے درمیان مثبت ڈائیلاگ دیکھنا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر سے دیکھتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کو مل کر بات کرنا ہوگی، مسئلہ کشمیر پر امریکا کو کہا گیا تو تعاون فراہم کر سکتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ جہاں تک اختلافات کا تعلق ہے تو ہماری دونوں ممالک کے ساتھ مضبوط شراکت داری ہے اور اسی وجہ سے ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان لفظی جنگ نہیں چاہتے، پاکستان اور بھارت کو مل کر بات کرنا ہوگی۔