ملک نہیں عمران خان ہر طرح سے ڈیفالٹ کر چکے ہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک نہیں عمران خان ہر طرح سے ڈیفالٹ کر چکے ہیں،عمران خان  اسمبلیاں نہیں توڑیں گے، اپنی کرپشن کا جواب دینا شروع کریں، عقل ٹھکانے تو کیا، چاروں طبق تک روشن ہو جائیں گے۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک نہیں عمران خان ہر طرح سے ڈیفالٹ کر چکے ہیں، اپنی کرپشن کا جواب دینا شروع کریں، عقل ٹھکانے تو کیا، چاروں طبق تک روشن ہو جائیں گے،عمران خان کسی بھی صورت اسمبلیاں نہیں توڑیں گے،فوج کو چھوڑیں! اپنے گھر اور گھر والی کی چوریوں اور کرپشن کا بتائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ ، توشہ خانہ ، ہیرے کی انگوٹھیوں، زیورات، زمینوں کی چوریوں کا 20 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں  جواب دیں، آپ کی عقل ٹھکانے آ جائے گی۔اب فارن ایجنٹ ، توشہ خانہ چور، نالائق نااہل مافیا کبھی اقتدارمیں  نہیں آئے  گا، ان شااللہ آپ اقتدار میں آئے تھے چور چور کا شور مچا کے ملک کو لوٹ کر چلے گئے۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ اقتدار میں آئے تھے، اپنا لگایا ہوا ایک بھی جھوٹا الزام ثابت نہیں کر سکے،عمران خان چیف الیکشن کمشنر سے چیخ چیخ کے این آر او’ مانگ رہے ہیں، عمران خان چار سال اقتدار میں بھیانک لوٹ مار کر کے گئے ہیں۔