لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ہمی تعاون اور اشتراک عمل مزید بہتر اور مضبوط بنانے پراتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی لاہور میں رہائش گاہ آمد، وزیراعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعظم نے چودھری شجاعت حسین کو گلدستہ بھی پیش کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک محمد احمد خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور چوہدری شجاعت حسین نے سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے معیشت کی بحالی اور عوام کے ریلیف کے حوالے سے کوششوں سے چوہدری شجاعت کو آگاہ کیا۔
چوہدری شجاعت نے ملک اور عوام کو مسائل سے نکالنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ دونوں قائدین نے باہمی تعاون اور اشتراک عمل مزید بہتر اور مضبوط بنانے پراتفاق کیا۔ سیاسی استحکام اور قریبی تعاون ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے ضروری ہے۔ ملاقات میں دونوں قائدین نے اتفاق کیا۔