مگرمچھ کے آنسو بہانے والے عمران خان نے4برس نالائقی اورکرپشن سے معیشت کا کباڑہ کر ڈالا،خواجہ سعد رفیق


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ریلوے وہوابازی خواجہ محمدسعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے معاشی قتل کے ذمہ دارپراجیکٹ عمران کے موجد اور سہولت کارہیں ،اس کا اجر انھیں قدرت سے برابرملتا رہے گا۔ باقی رہ گئے(پپٹ) عمران جنکی 4 سالہ حکمرانی نے معیشت کو ونٹی لیٹر پر پہنچا دیا،ہم ملک بچانے اورعمران مافیا اسے دیوالیہ کروانے کیلئے سرگرم ہے۔

ان خیالات کااظہار خواجہ سعد رفیق نے سابق وزیر عمران خان کی پریس کانفرنس کے جواب میں ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کانئے سیٹ اپ سے امیدیں لگا کربیٹھنے کا بیان شرمناک ہے، ایک نام نہاد جموری لیڈر کاریاستی اداروں کوغیر آئینی مداخلت کیلئے اکسانا اورانکی غیرجانبداری پرآوازے کسنا سنگین غداری کے ذمرے میں آتا ہے۔ مگرمچھ کے آنسو بہانے والے عمران نے4برس نالائقی اورکرپشن سے معیشت کاکباڑہ کرڈالا۔

اپنے ایک اور بیان میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ افغان فورسز کی پاکستانی سول آبادی پر بلااشتعال شیلنگ شرمناک اقدام ہے۔ معصوم پاکستانیوں کی شہادت خون ِ ناحق ہے۔ پاکستانی فورسزنے بجوابی کارروائی میں افغان سول آبادی کونشانہ نہ بناکر مستحسن اقدام کیا۔ افغان حکومت حملے کی وجوہات سامنے لائے اورسانحہ کے ذمہ داران کوکیفر ِکردار تک پہنچائے۔