لاہور، ماسکو(صباح نیوز)روس سے سستا خام تیل خریدنے کے حوالہ سے بات چیت کے لئے وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کی سربراہی میں پاکستانی وفد ماسکو روانہ ہوگیا۔
وفد لاہور سے ماسکو کے لئے روانہ ہوا۔
وفد میں سیکرٹری پٹرولیم کیپٹن (ر) محمد محمود سمیت وزارت پٹرولیم کے دیگر حکام شامل ہیں۔ پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن پر کام جلد شروع کرنے سے متعلق بات چیت ہو گی۔ پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کراچی سے لاہور کے قریب تعمیر ہو گی۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق روس کی جانب سے دعوت نامہ ملنے کا انتظار تھا اور دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد وفد سوموار کے روز لاہور سے ماسکو روانہ ہوگیا۔
وفد کا دورہ روس سے سستا تیل خریدنے کے تناظر میں ہو رہا ہے۔ حال ہی میںپاکستان نے اس معاملہ پر روس سے خط وکتابت بھی شروع کی تھی، خط وکتابت وزارت خارجہ اور وزارت پیٹرولیم کی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان ہو رہی تھی۔
پاکستان نے روس کو بتایا تھا کہ اس کی تیل اور گیس کی خریداری میں دلچسپی ہے تاہم پاکستان کوئی اقدام بھی نہیں اٹھائے گا جس سے پابندیاں لگنے کا خطرہ ہو، پاکستان کسی بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی بھی نہیں کرے گا۔ اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ کوئی پابندیاں نہیں لگیں گی،
پاکستان روس سے سستا تیل خریدنے کا خواہاں ہے اور سستی گیس خریدنے کے حوالے سے بھی پیش رفت ہونے جارہی ہے اور جلد پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن پر کام شروع ہونے کاامکان ہے، گیس پائپ لائن کراچی سے لاہور کے قریب تعمیر ہونی ہے اوراس کا پرانا نام نارتھ ساVتھ گیس پائپ لائن ہے۔
حکومتوں اور قیادت کی جانب سے بیانات کے بعد یہ پہلا عملی اقدام ہے جس کے تحت پاکستانی وفد روس روانہ ہو گیا ہے، پہلی ہی ملاقات میں بہت ساری چیزیں طے ہونے کا امکان ہے اوراس کے بعد اس بات کا بھی امکان ہے کہ روسی وفد پاکستان کا دورہ کرے۔