عمران خان نے پہلے بڑھکیں ماریں، اب پاؤں پکڑ کر معافی مانگ رہے ہیں، عطا تارڑ


گوجرانوالہ(صباح نیوز)وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان نے پہلے بڑھکیں ماریں، اب پاؤں پکڑ کر معافی مانگ رہے ہیں۔

گوجرانوالہ میں عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف دہشت گردی کا جعلی مقدمہ درج کیا گیا، پنڈی ہماری حکومت ختم کرنے گئے، اپنی حکومت ختم کر کے آ گئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکی سازش اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیے پر یو ٹرن لے چکے، انہوں نے رانا ثنا اللہ سے ڈر کر پنڈی میں جلسہ کیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی باپ سے بڑے ڈاکو ہیں، پرویز الٰہی کے اپنے ہاتھ سے اسمبلی توڑتے وقت ہاتھ اور ٹانگیں کانپیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کہ پنجاب میں اتنی ناکام حکومت کبھی نہیں دیکھی، ان کا رہنما 2 دن بھی جیل جاتا ہے تو ہانپتا ہوا واپس آتا ہے، ہمارے لیڈران نے جیلیں کاٹیں، حوصلے کے ساتھ سب کچھ برداشت کیا۔