راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف تمہیں اقتدار کا شوق ہوگا لیکن عمران خان کو عوام کا اقتدار چاہیے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جان ہتھیلی پررکھ کر وزیر آباد بھی پہنچے آج راولپنڈی بھی پہنچے ہیں، عمران خان کہتے ہیں میری منزل اقتدار نہیں حقیقی آزادی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ ایک نیا رخ لینے والی ہے آج عمران خان اور قوم کو بھی بڑا فیصلہ کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان حقیقی آزادی چاہتے ہیں انہیں اقتدار کا کوئی شوق نہیں ہے، شہباز شریف تم کرسی چمٹے رہو لیکن قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ستم ظریفی دیکھ کر یہ لوگ ملک کو کس نہج پر لے آئے ہیں، یہ کہتے ہیں معیشت تباہ ہوتی ہے تو ہوجائے اقتدار میں رہنا ہے یہ ملک کی فکر نہیں کررہے اپنی سیاست اور اقتدار کی فکر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک اہم موقع ہے آج قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کرسی کی لالچ کو اپنانا ہے یا قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جب تک قوم عمران خان کے ساتھ ہے تمہارے عزائم خاک میں مل جائیں گے ۔۔