وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے صدر کی ملاقات

استنبول(صباح نیوز):وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے صدر نے استنبول میں ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکن ممالک کے ترقیاتی منصوبوں میں بینک کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ای سی او بینک کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات قابل ستائش ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان مالی اور ماحولیاتی چیلنجز سے نبردآزما ہے، یہ امداد نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن ممالک کے ترقیاتی منصوبوں میں ای سی او بینک کا کردار قابل ستائش ہے۔

وزیراعظم محمدشہبازشریف نے سمندروں تک رسائی سے محروم وسطی ایشیا کی ریاستوں تک اقتصادی تعاون تنظیم کی رسائی کے امکانات کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے خطے کے وسیع تراقتصادی اورتجارتی فوائد کے حصول میں مدد ملے گی۔وزیراعظم نے باضابطہ ایجنڈہ اوراتفاق رائے کے بعدای سی اوکے رکن ممالک کی سربراہی اجلاس کی میزبانی اوراس میں وسطی ایشیا کی ریاستوں کوشامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی اورکہاکہ اس سے اقتصادی سرگرمیوں اورعلاقائی تعاون کوفروغ حاصل ہو گا۔

وزیراعظم نے اقتصادی تعاون کی تنظیم پر وسطی ایشیائی ریاستوں کی استعداد سے استفادہ کرنے پرزوردیا اورکہاکہ یہ ایک بڑی آبادی پرمشتمل ریاستیں ہیں جو ریلویز اورزمینی رابطوں کی وسیع ترومتنوع استعدادرکھتی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان جیسی ترقی پذیرممالک کو غیرملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی ممکن ہے اوران رابطوں سے تمام علاقائی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کووسعت دینے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ اقتصادی ترجیحات ای سی اوکا ایجنڈہ ہے اوراقتصادی امکانات میں اضافہ سے پاکستان جیسے ترقی پذیرممالک کیلئے مواقع میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے ای سی او کی وسطی ایشیا تک رسائی کے خیال کو”گیم چینجر” قراردیا اورکہاکہ گوادرکی بندرگاہ دنیا کوگیس کی فراہمی کا مرکز بننے کی استعداد کی حامل ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ سہ جہتی اقتصادی تعاون کے وڑن کے زریعہ ریلوے ٹریکس اورشاہرات کے زریعہ رابطہ کاری سے علاقائی منظرنامہ تبدیل ہوگا اوران رابطوں کے ان زرائع سے قدرتی وسائل سے مالال ممالک اپنی اشیا برآمد کرسکیں گے۔

انہوں نے ای سی او بینک کے صدرکو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ ای سی اوٹریڈ اینڈڈولپمنٹ بینک کی جانب سے 150 ملین یوروکی مالی معاونت سیلاب متاثرین کی بحالی پرخرچ ہوگی،ملاقات کے دوران ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بینک پاکستان کا 150 ملین یورو کا قرض دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنانشل پیکج سیلاب زدگان کی امداد اور تیل کی درآمد پر خرچ ہوگا۔ وزیراعظم نے ای سی او بینک کے کردار کو سراہا ۔